اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں جاری آپریشن “ردالفتنہ” کی کامیاب تکمیل پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمنوں کی کمر توڑنے پر سیکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران 216 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
شہباز شریف نے دہشتگردی کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 36 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جبکہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 22 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ دہشتگردوں کی بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر ناپاک کوشش کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشتگردوں نے ثابت کر دیا کہ وہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھی جائے گی۔
