اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کے قرض کو ایک ماہ کے لیے رول اوور کرنے کی منظوری دے دی۔ جس سے پاکستان کو عارضی مالی سہولت حاصل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق 2 ارب ڈالر کی یہ رقم گزشتہ ماہ میچور ہو چکی تھی۔ تاہم اب متحدہ عرب امارات نے اس قرض کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پر واجب الادا باقی ایک ارب ڈالر جولائی میں میچور ہونا ہے۔
پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کے قرض کو ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی دوبارہ درخواست کر دی۔ اس سلسلے میں تینوں اقساط کو ایک ساتھ رول اوور کرنے کی درخواست دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 ارب ڈالر بطور ڈپازٹ رکھے گئے ہیں۔ جو بیلنس آف پیمنٹس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کی شرائط کے تحت پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران 12 ارب ڈالر کے قرضوں کا رول اوور کرانا ہے۔ جس میں متحدہ عرب امارات سے حاصل کردہ 3 ارب ڈالر کا قرض بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے امریکا کو مذاکرات ترکیہ سے عمان منتقل کرنے پر رضامند کر لیا
پاکستانی حکام کی کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات سے حاصل کردہ قرض کو ایک سال کے لیے رول اوور کرا لیا جائے۔ تاکہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کی جا سکیں اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
