لاہور: عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے لیسکو کے اعلیٰ حکام نے بسنت کے دوران لاہور میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ بجلی کی بلاتعطل اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف عملی اقدامات بھی مکمل کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی کی فراہمی اور محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے شاہ عالم اور شاہی قلعہ گرڈ اسٹیشنز پر خصوصی جال لگا دیئے گئے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پتنگ بازی کے دوران استعمال ہونے والی دھاتی ڈور سے بجلی کے نظام کو ہونے والے نقصانات سے بچاؤ ہے۔
حکام کے مطابق ماضی میں دھاتی ڈور کے ٹرانسفارمر یا گرڈ اسٹیشن پر گرنے سے بجلی منقطع ہو جاتی تھی۔ تاہم اب جال لگانے کے بعد بسنت کے دوران بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہو گی۔
بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لیسکو ہیڈکوارٹرز میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بسنت کے موقع پر تین دن کے لیے لیسکو ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بہادرآباد میں سب سے بڑی ڈکیتی، ڈاکو 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر لے گئے
انہوں نے کہا کہ لیسکو کو بجلی کے کوٹے کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہو گا۔ اور شہر میں طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔ پورے لاہور میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور حساس گرڈ اسٹیشنز کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
