اسلام آباد: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا ہے کہ دفاعی شعبے میں پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے جبکہ خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر قازقستان نے کہا کہ وہ پیداواری شعبے میں پاکستان کو پروڈکشن پلانٹس لگانے کی دعوت دیتے ہیں اور دونوں ممالک ایک ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامک فنانسنگ کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا بھی قازقستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے اور پاکستان قازقستان کا ایک قابلِ بھروسہ شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ اقدار اور روایات کے امین ہیں، جو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مشترکہ اعلامیے اور معاہدوں کو دوطرفہ تعلقات کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں وزیراعظم شہباز شریف کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ صدر قازقستان کے مطابق تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے۔
صدر قاسم جومارت توکایووف نے بتایا کہ ملاقات میں ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ اور کراچی و گوادر بندرگاہوں کے استعمال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بہترین میزبانی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آئندہ دنوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قازقستان کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک سال کے اندر دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قازقستان کے صدر نے 23 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا، جو باہمی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کو عملی شکل دینے کیلئے دونوں فریق پُرعزم ہیں، اور ان معاہدوں کے حقیقت کا روپ دھارنے سے معاشی اور ثقافتی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان کے صدر کو نشانِ پاکستان کا اعزاز دیا جانا دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق قازقستان کے صدر سے مختلف امور پر تعمیری اور مثبت گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم ہاؤس میں قازقستان صدر کا پرتپاک استقبال، مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ممالک ہیں اور غزہ میں امن کی بحالی اور تعمیرِ نو کیلئے یہ فورم انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ غزہ میں مستقل امن قائم ہو اور وہاں خوشحالی آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کیے جائیں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
