قازقستان کے صدر قاسم جومارت وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، قازقستان کے صدر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پرقازقستان کے صدر قاسم جومارت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم نے صدر قازقستان سے کابینہ ارکان کا تعارف کروایا۔صدر قازقستان نے وزیراعظم سے اپنے وفد کا تعارف کروایا۔
جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اقوامِ متحدہ کے امن دستوں (یو این پیس کیپنگ) سے متعلق مفاہمتی یادداشت، کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں تعاون، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدہ، اور میری ٹائم سیکٹر میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔
اس کے علاوہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے، کسٹمز کے شعبے میں تعاون، اور محکمہ ریلوے میں تعاون سے متعلق معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون، ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں شراکت داری، پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کے ہم منصب خلیفہ ابوالقاسم حفتر کی ملاقات
مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی تقریب کا حصہ تھا، جسے دونوں ممالک کے مستقبل کے تکنیکی تعاون کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دستخطوں کی اس تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال بھی شریک تھے۔ رہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قازقستان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطے میں رہیں گے۔
