معروف یوٹیوبررجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے اپنے خلاف عائد کی گئی بیرونِ ملک سفر کی پابندی کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق رجب بٹ اور ندیم نانی والا سوشل میڈیا شخصیات نے عدالت میں الگ الگ آئینی درخواستیں جمع کروائی ہیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے نام سائبر کرائم سمیت مختلف مقدمات میں شامل کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں متعلقہ حکام نے انہیں بیرونِ ملک سفر سے روک دیا۔
خواتین کے لباس پر بہروز سبزواری کا بیان، نادیا خان کا طنزیہ ردِعمل سامنے آ گیا
درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی حتمی عدالتی فیصلے کے سفری پابندی عائد کرنا نہ صرف آئینِ پاکستان میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ وہ سوشل میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد ہیں اور بیرونِ ملک سفر ان کے کام کا اہم حصہ ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزاروں پر عائد سفری پابندی فوری طور پر ختم کی جائے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی جائے کہ ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ یا دیگر سفری پابندی کی فہرستوں سے نکالے جائیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ درخواستیں بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر کے توسط سے دائر کی گئی ہیں، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA)، سیکریٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اگر کسی معاملے کی تحقیقات جاری بھی ہوں تو محض اس بنیاد پر شہریوں کو بیرونِ ملک سفر سے روکنا قانونی اصولوں کے منافی ہے۔ عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ہر قسم کی قانونی کارروائی میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔
رابی پیرزادہ کے ساتھ کراچی کے ڈیفنس میں ہراسانی کا واقعہ، ملزم گرفتار
اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان درخواستوں پر ابتدائی سماعت متوقع ہے، جس کے بعد عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔
