وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواحکومت انسداد دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرِاعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے حوالے سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے امن و امان کیلئے وفاقی خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انسدادِ دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مزید مضبوط کرے، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن اور عوامی فلاح صوبائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ سے خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی اپنے دائرہ اختیار کے مطابق تعاون جاری رکھے گی۔
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مزید 22 دہشت گرد ہلاک، 3 دن میں 177 مارے گئے
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کو وفاق کی ایک اہم اکائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی دائرہ کار کے مطابق مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے ویژن پر عمل پیرا ہے جبکہ مشاورت اور اشتراکِ عمل سے ہی قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
