لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد حملوں کو بروقت ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اور قوم اپنے بہادر محافظوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان ہے۔ جبکہ ہر پاکستانی بلوچستان اور اس کے عوام سے محبت کرتا ہے۔ بلوچستان پر اٹھنے والی ہر انگلی کاٹ دی جائے گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ دہشتگرد جان لیں کہ معصوم شہریوں کے خون کی ایک ایک بوند کا حساب لیا جائے گا۔ جبکہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 5 دن مسلسل چھٹیوں کا اعلان
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا نہ دین اسلام سے کوئی تعلق ہے۔ اور نہ بلوچ قومیت سے۔ بلکہ یہ عناصر پاکستان کے امن، اتحاد اور سلامتی کے دشمن ہیں۔
