بھارت کے سابق کپتان کپل دیو نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ میچ پر ردعمل دے دیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر کپل دیو سے سوال کیا گیا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ٹیموں کو آمنے سامنے آنا چاہیے یا نہیں۔
اس پر کپل دیو کا کہنا تھا کہ ان جیسے سابق کھلاڑیوں کے لیے اس معاملے پر بیان بازی مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ایسے حساس فیصلے حکام کو ہی کرنے چاہئیں۔
کپل دیو نے کہا کہ حکام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ اس کی حمایت کریں گے کیونکہ وہ غیر ضروری اور فضول بیانات کو اہمیت نہیں دیتے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا، جبکہ قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی مؤخر کر دی گئی ہے۔
