پاکستان میں جمعے کے روز سونے کی قیمت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 35 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونا بھی 30 ہزار 435 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے میں فروخت ہوا۔
اس سے ایک روز قبل جمعرات کو سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا اور فی تولہ سونا 21 ہزار 200 روپے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی اونس قیمت 355 ڈالر کمی کے بعد 5,150 ڈالر پر آ گئی، جس میں 20 ڈالر پریمیم شامل ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور فی تولہ چاندی 1,106 روپے سستی ہو کر 11 ہزار 69 روپے پر آ گئی۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں جمعے کے روز چار فیصد سے زائد کمی اس افواہ کے بعد دیکھنے میں آئی کہ امریکی فیڈرل ریزرو کو نسبتاً سخت مالی پالیسی رکھنے والا چیئرمین مل سکتا ہے۔ تاہم اس کے باوجود سونا جنوری کے مہینے میں اب تک 20 فیصد سے زائد مہنگا ہو چکا ہے، جو 1980 کے بعد سب سے مضبوط ماہانہ اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔
سونے اور چاندی کی قیمتیں گرنے سے 3 کھرب ڈالر کا نقصان
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 3.9 فیصد کمی کے بعد 5,183.21 ڈالر فی اونس تک آ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز فروری ڈیلیوری کے لیے 2.7 فیصد کمی کے ساتھ 5,176.40 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جغرافیائی کشیدگی اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونا اب بھی سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم قلیل مدت میں قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔
