مانچسٹر: برطانیہ میں 2 سالہ بچے نے اسنوکر کے مشکل شاٹس کھیل کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسنوکر کو عموماً بالغ افراد کے لیے بھی ایک مشکل اور تکنیکی کھیل سمجھا جاتا ہے۔ تاہم برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے 2 سالہ بچے نے اس کھیل میں سب کو حیران کردیا۔
جوڈی اوئنز نے کم عمری میں ایسے مشکل شاٹس کھیل کر 2 گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔ جو بڑے بڑے کھلاڑیوں کے لیے بھی چیلنج سمجھے جاتے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 12 اکتوبر 2025 کو جب جوڈی اوئنز کی عمر محض 2سال اور302 دن تھی۔ اس نے کامیابی کے ساتھ پول بینک شاٹ مکمل کیا۔ اس سے قبل 2 سال اور 261 دن کی عمر میں جوڈی نے اسنوکر کا مشکل ڈبل پوٹ شاٹ کھیل کر سب کو حیران کر دیا تھا۔
ان شاندار کارناموں کے بعد جوڈی اوئنز کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا۔ اور انہیں اسنوکر کے مشکل شاٹس مکمل کرنے والا کم عمر ترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
جوڈی کے والد لیوک اوئنز کا کہنا ہے کہ انہیں سب سے پہلے گھر میں اپنے بیٹے کی غیر معمولی صلاحیت کا اندازہ ہوا۔ جب اس نے چھوٹی عمر میں ہی اپنی انگلیوں سے اسنوکر کی چھڑی پکڑنے اور کھیلنے کی کوشش شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ جوڈی ایک اسٹول کی مدد سے اسنوکر ٹیبل تک پہنچتا اور باقاعدہ شاٹس کھیلتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: روس میں بیک وقت 2، چین میں 3، 5 اور 7سورج کیوں طلوع ہوئے؟ حقائق سامنے آگئے
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام نے2025 یو کے چیمپئن شپ کے دوران جوڈی اوئنز کی مہارت کا باقاعدہ مشاہدہ کیا۔ جس کے بعد اسے کم عمر ترین اسنوکر شاٹس مکمل کرنے والا کھلاڑی تسلیم کیا گیا۔
جوڈی اوئنز نے نہ صرف کم عمری کے تمام تصورات کو چیلنج کیا۔ بلکہ اسنوکر کے کھیل میں جوش، لگن اور قدرتی صلاحیت کے نئے معیار بھی قائم کر دیئے۔
