اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے حتمی منظوری ملتے ہی دو سے تین مختلف مالیت کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کی چھپائی شروع کر دی جائے گی۔
یہ بات اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے تازہ مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور کابینہ کی منظوری کے فوراً بعد چھپائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ چھاپنے کا عمل کافی حد تک مکمل ہو چکا ہے۔ کابینہ کی منظوری سے مشروط، ہم جلد ہی چھپائی شروع کر دیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں دو سے تین مختلف مالیت کے نوٹ بیک وقت چھاپے جائیں گے۔
جمیل احمد کے مطابق نئے ڈیزائن کے نوٹ فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے، جب اسٹیٹ بینک موجودہ نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے کم از کم مطلوبہ ذخیرہ تیار کر لے گا۔
انہوں نے کہ جیسے ہی مرکزی بینک موجودہ زیرِ گردش نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے کم از کم ضروری اسٹاک حاصل کر لے گا، نئے ڈیزائن کے نوٹ مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے۔”
تاہم گورنر نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن مالیت کے نوٹ سب سے پہلے متعارف کرائے جائیں گے۔ اس وقت پاکستان میں زیرِ گردش کرنسی نوٹوں میں 10، 20، 50، 75، 100، 500، 1,000 اور 5,000 روپے کے نوٹ شامل ہیں۔
نئے کرنسی نوٹس کی تیاری آخری مرحلے میں داخل، اسٹیٹ بینک
گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ حکومت کو منظوری کے لیے ارسال کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد انہیں وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نئے ڈیزائن حکومت کو بھجوا دیے ہیں، اور حکومت نے انہیں کابینہ کے سامنے رکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم آفس نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے پاکستانی کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا اور اس معاملے پر غور کے لیے ایک کابینہ کمیٹی قائم کی۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا تھا کہ کرنسی نوٹوں کا نیا ڈیزائن جدید تقاضوں کے مطابق اور بین الاقوامی ماہرین کی معاونت سے تیار کیا جا رہا ہے۔
