نئی دہلی: بھارتی ریاست گوا کی حکومت 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ جو آسٹریلیا کے طرز پر قانون سازی کے مترادف ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیر برائے سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی روہان خاونٹے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ والدین کی جانب سے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر بعض پلیٹ فارمز بچوں کی توجہ ہٹانے اور سماجی اثرات مرتب کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔
روہان خاونٹے نے کہا کہ آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی کا قانون نافذ ہے۔ اور گوا کا آئی ٹی شعبہ اس کے متعلق کاغذات اور رپورٹیں تیار کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا ایران کیخلاف فضائی حدود کی اجازت نہ دینے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا جائے گا۔ اور اگر ممکن ہوا تو گوا میں بھی اسی طرح کی پابندی نافذ کی جائے گی۔
