اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ان قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے اور اس میں جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن، انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتیں جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں۔
یہ بھی پڑھیں: لیپ ٹاپ اسکیم 2026 کا آغاز، حکومتی اسکیم سے حاصل کرنے کا طریقہ
اجلاس میں جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ، نئی منظور شدہ پالیسی پر عملدرآمد اور اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
