اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس وقت شدید اندرونی تقسیم کا شکار ہو چکی ہے۔ اور اس کے کسی بھی ممکنہ احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر 5 سے 6 چھوٹے چھوٹے گروپس بن چکے ہیں۔ اور ایسے میں 8 فروری کو ان کا احتجاج مؤثر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پی ٹی آئی نے بہت شور مچایا۔ لیکن اب ان کی سیاسی طاقت بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کو سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث اٹھانا پڑا ہے۔ جس کا خمیازہ پارٹی کو عوامی سطح پر بھگتنا پڑ رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے اب تک کسی قسم کا سنجیدہ جواب سامنے نہیں آیا۔ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خود نہ لینا ہی پی ٹی آئی کی بددیانتی کو ظاہر کرتا ہے۔ تحریک انصاف سیاسی فائدہ تو اٹھانا چاہتی ہے۔ مگر ذمہ داری لینے سے گریزاں ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ ان کا اتحاد کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیوروکریٹس کی دوہری شہریت پر پابندی کا بل غیر رسمی طور پر منظور
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے 8 فروری کو عام انتخابات کے دو سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اور قوم سے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کرنے کی اپیل کی ہے۔
