لاس اینجلس: ڈزنی کے معروف اینیمیٹر اور دی لائن کنگ کے شریک ہدایت کار راجر ایلرز 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈزنی کے معروف اینیمیٹر، ہدایت کار اور کہانی نویس راجر ایلرز کے انتقال کے باعث عالمی اینیمیشن انڈسٹری ایک ایسے عظیم تخلیق کار سے محروم ہو گئی۔ جن کے فن نے کروڑوں ناظرین کے بچپن کی یادوں کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔
راجر ایلرز نے ڈزنی کی کئی لازوال اینیمیٹڈ فلموں کی تخلیق میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جن میں دی لائن کنگ، الادین، دی لِٹل مرمیڈ اور بیوٹی اینڈ دی بیسٹ شامل ہیں۔ ان کی وفات کی تصدیق ان کے قریبی ساتھی اور معروف پروڈیوسر ڈیو بوسرٹ نے کی۔
ڈیو بوسرٹ کے مطابق وہ چند روز قبل ہی مصر کے سفر کے دوران راجر ایلرز سے ای میل کے ذریعے رابطے میں تھے۔ جس کے باعث ان کے انتقال کی خبر ان کے لیے مزید ناقابلِ یقین ہے۔ انہوں نے راجر ایلرز کو ڈزنی اینیمیشن کے سنہری دور کا ایک مضبوط ستون قرار دیا۔
راجر ایلرز نے اپنے کیریئر کا آغاز 1982 میں فلم ٹرون کے لیے اسٹوری بورڈ آرٹسٹ کے طور پر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اولیور اینڈ کمپنی اور دی لِٹل مرمیڈ جیسے منصوبوں پر کام کیا، جبکہ بیوٹی اینڈ دی بیسٹ میں ہیڈ آف اسٹوری کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔
1994 میں فلم دی لائن کنگ کی مشترکہ ہدایت کاری نے راجر ایلرز نے عالمی شہرت دلائی۔ اور یہ فلم آج بھی اینیمیشن کی تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب گلوکار بی پراک کو دھمکیاں، 10 کروڑ روپے بھتہ طلب
ساتھی فنکاروں کے مطابق راجر ایلرز اپنی عاجزی، شفقت اور خوش مزاج شخصیت کے لیے جانے جاتے تھے۔ جبکہ ان کی تخلیقی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
