متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اماراتی صدر کے استقبال کے لیے دارالحکومت میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسلام آباد کو دونوں ممالک کے پرچموں اور استقبالی بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شیخ محمد بن زاید کا پاکستان کا یہ پہلا باضابطہ دورہ ہے۔
یو اے ای میں سرد ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اماراتی صدر کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔
یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے کے نتیجے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی استحکام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
