اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں تین دن کی توسیع کی درخواست کر دی۔
پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عامر مغل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں الیکشن کمشین میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 26 دسمبر کو اسلام آباد میں سرکاری تعطیل ہے۔ جس کے باعث امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
عامر مغل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 125 یونین کونسلز کے لیے ایک ہزار 125 کونسلرز کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے انتہائی محدود وقت دیا گیا۔ جو غیر منصفانہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیاتی ایکٹ 2015 میں بدنیتی پر مبنی ترامیم کی گئیں۔ جن سے دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کو فروغ ملا۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے براہ راست انتخابات ختم کر کے ایسا قانون بنایا گیا۔ جس کے تحت منتخب کونسلرز پر دباؤ ڈال کر وفاداریاں تبدیل کروائی جا سکتی ہیں۔
عامر مغل نے واضح کیا کہ ان تمام رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ کیونکہ عوام مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں سے شدید نالاں ہیں۔ اسلام آباد کی عوام صرف عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کا انتخابی نشان ’’بلا‘‘ واپس لیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ کاغذات نامزدگی میں خود کو ’’سنی اتحاد کونسل‘‘ کے امیدوار کے طور پر ظاہر کریں۔
یہ بھی پڑھیں: میرے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا گیا تاہم مخالفین اس میں ناکام رہے، سہیل آفریدی
عامر مغل کی خصوصی ہدایات پر چیف الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں تین دن کی توسیع کی باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی۔
