بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول اور بوبی دیول نے اپنے مرحوم والد اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی یاد میں ایک بڑی اور فینز سے بھرپور تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیول خاندان دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر کھنڈالا میں واقع اپنے فارم ہاؤس میں خصوصی پروگرام ترتیب دے رہا ہے، جس میں مداحوں کو بھی شرکت کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے پسندیدہ ستارے کو آخری بار خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔
دھرمیندر کی موت پر افسردہ سلمان خان کا جذباتی بیان سامنے آ گیا
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تقریب اداکار کی خدمات، فنکارانہ ورثے اور ان کی شخصیت کو یاد رکھنے کے لیے منعقد کی جائے گی، فارم ہاؤس میں مداحوں کی آمد، ملاقات کے نقاط اور دیگر انتظامات پر بھی غور جاری ہے تاکہ تقریب کو منظم انداز میں منعقد کیا جاسکے۔ تقریب کی حتمی تاریخ اور مکمل تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کا انتقال نومبر 24 کو 89 سال کی عمر میں ہوا، ان کی آخری رسومات ممبئی میں نجی طور پر ادا کی گئی تھیں، جس میں قریبی رشتہ دار اور فلمی شخصیات شامل تھیں۔
دھرمیندرا کی موت کے بعد ہیما مالینی کا پہلا جذباتی پیغام سامنے آ گیا
27 نومبر کو ممبئی میں’جشنِ حیات‘ (Celebration of Life) کے عنوان سے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں شاہ رخ خان، سلمان خان، ریکھا سمیت دیگر بالی ووڈ سیلیبریٹیز نے شرکت کی۔ اسی دن دھرمیندر کی دوسری اہلیہ ہیما مالینی نے اپنے گھر پر الگ دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔
