پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں معیشت، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ شراکت داری قائم ہے اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
اسحق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے رابطہ ، غزہ سمیت حالیہ علاقائی پیشرفت کا جائزہ
انہوں نے کہا کہ مصری وزیر خارجہ کا یہ دورہ مشترکہ اہداف کے حصول، سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان نے مصر کو 250 بزنس ہاؤسز کی فہرست فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ نے پاکستان کی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک انہیں مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد اور پشاور میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
پاکستان نے 27 ویں ترمیم پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا بیان مسترد کر دیا
مصری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر مشترکہ چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں ، سیاسی ڈائیلاگ، معاشی شراکت داری، دفاع اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں امن کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں اور پاکستان نے جنگ بندی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مصر غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان کے مزید تعاون کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور دیگر عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
