پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں آج راولپنڈی میں 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 1982 سے جاری باہمی مقابلوں میں گرین شرٹس کو واضح برتری حاصل ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ 10 برسوں سے سری لنکا کے خلاف کسی ون ڈے سیریز میں شکست سے دوچار نہیں ہوئی۔
اب تک دونوں ٹیمیں 20 دوطرفہ ون ڈے سیریز کھیل چکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 14 اور سری لنکا نے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
جولائی 2015 میں پاکستان نے سری لنکا کو 3-2 سے ہرایا، جبکہ اکتوبر 2017 میں متحدہ عرب امارات میں 5-0 سے کلین سویپ کیا۔ ستمبر 2019 میں کراچی میں ہونے والی سیریز بھی پاکستان نے 2-0 سے اپنے نام کی۔
کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بھی پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا بڑا ہدف صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے فتح حاصل کی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 157 ایک روزہ میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 93 اور سری لنکا نے 59 میں کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ برابر رہا جبکہ 4 بےنتیجہ رہے۔ پاکستان کا جیت کا تناسب 1.576 ہے۔
گرین شرٹس کا سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور 371 اور کم ترین 75 رہا ہے۔ کرکٹ شائقین آج کے مقابلے میں بھی ایک دلچسپ اور سنسنی خیز کھیل کی توقع کر رہے ہیں۔
