کویت نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے دوسرے سیمی فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو 37 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
میچ میں کویتی بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 5.5 اوورز میں 142 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔
کویت کی جانب سے مِیت بھوسار نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 62 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
عدنان ادریس نے 8 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ رویجا سندارووان 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان یاسین پٹیل نے بھی صرف 3 گیندوں پر 11 رنز کا مختصر مگر مؤثر حصہ ڈالا۔
🚨 Big win for Kuwait against England in Hong Kong Super Sixes! 🔥🇰🇼🏴
They beat England by 37 runs and qualify for the final. 🤯#HongKongSixes pic.twitter.com/sX984xZXeU
— ICC Asia Cricket (@ICCAsiaCricket) November 9, 2025
انگلینڈ کے بولرز کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایتھن بروکس نسبتاً کامیاب ثابت ہوئے جنہوں نے 1.5 اوورز میں 28 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ تھامس ایسپن وال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز ہی بنا سکی۔ جیمز کولز نے 18 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے شامل تھے، مگر ان کی کاوش ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔
وکٹ کیپر ٹوبی البرٹ نے بھی 12 گیندوں پر 32 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کویت کی جانب سے بلال طاہر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مِیت بھوسار نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
🚨 What a match! What a thrilling finish! 🥶
Pakistan defeated Australia by just 1 run in HongKong Sixes! 🤯#HongKongSixes pic.twitter.com/CjVYJGguUx
— ICC Asia Cricket (@ICCAsiaCricket) November 9, 2025
کویتی کپتان یاسین پٹیل نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم کی یہ جیت اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مِیت بھوسار کی اننگز کو ’’کھیل بدل دینے والی‘‘ قرار دیا۔ اس کامیابی کے بعد کویت نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی دھاک مزید بٹھا دی ہے۔
فائنل میں کویت کا ٹاکرا پاکستان سے ہوگا جو اسے ٹورنامنٹ کے آغاز میں عبرتناک شکست دے چکا ہے۔
پاکسان نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
