پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 کے لیے پندرہ رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر محمد عرفان خان کریں گے۔
ٹورنامنٹ 14 نومبر سے 23 نومبر تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوگا، جبکہ تمام میچز ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، جنہیں 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ ’بی‘ میں پاکستان کے ساتھ عمان، بھارت اے اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) شامل ہیں، جبکہ گروپ ’اے‘ میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 14 نومبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، دوسرا 16 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے سے ہوگا، جبکہ تیسرا میچ 18 نومبر کو یو اے ای کے خلاف شیڈول ہے۔
Pakistan Shaheens captain Muhammad Irfan Khan’s interview following the one-run victory over Nepal in the Top End T20 Series 2025.#PakistanShaheens | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/rf7jJMwjFp
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 22, 2025
ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 21 نومبر کو ہوں گے، جبکہ فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے لیے منتخب اسکواڈ میں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جو حالیہ ڈومیسٹک مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
ٹیم میں احمد دانیال، عرفات منہاس، معاز صداقت، محمد فائق، محمد غازی غوری، محمد نعیم، محمد سلمان، محمد شہزاد، مبصر خان، سعد مسعود، شاہد عزیز، صفیان مقیم، عبید شاہ اور یاسر خان شامل ہیں۔
ٹیم کی روانگی 12 نومبر کو قطر کے لیے متوقع ہے۔ روانگی سے قبل کھلاڑی کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 8 سے 11 نومبر تک تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے، جہاں انہیں کنڈیشننگ، نیٹ پریکٹس اور اسپن کے خلاف بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نوجوان کرکٹرز کے لیے یہ ایونٹ ایک بہترین موقع ثابت ہوگا کہ وہ بین الاقوامی معیار کی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور مستقبل میں قومی ٹیم می شمولیت کا موقع پا سکیں۔
ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ عرفان خان کی قیادت میں شاہینز اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائیں گے اور ٹائٹل کے حصول کے لیے مضبوط دعویدار ثابت ہوں گے۔
