بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز زرعی ماہر ڈاکٹر محمد جاوید ترین نے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
انہیں ورلڈ ایگریکلچر فورم کی گلوبل کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی زرعی ماہر کو حاصل ہوا ہے۔
عالمی ادارہ ورلڈ ایگریکلچر فورم دنیا بھر میں پائیدار زراعت، جدید سائنسی تحقیق اور زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس فورم کے ارکان کا انتخاب انتہائی سخت معیار اور عالمی ساکھ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر جاوید ترین نے ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تغیرات پر تحقیق انہوں نے آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی سے مکمل کی۔
نامزدگی کے بعد اپنے بیان میں ڈاکٹر جاوید ترین نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف میرے لیے بلکہ پاکستان اور بلوچستان دونوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ میری کوشش ہے کہ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی زرعی صلاحیت کو اجاگر کروں اور پائیدار زراعت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کروں۔
