ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور مرحلے کے میچ میں اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری ہوں گے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ میں اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری رہیں گے، کل دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے کے میچ میں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
میچ ریفری اگر وہی ہوں گے تو کیا ٹاس کے موقع پر دونوں کپتان مصافحہ کریں گے اور میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز ہاتھ ملائیں گے یہ ایک بڑا سوال ہے جس کا جواب کل ہی ملے گا۔
گروپ میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،اس میچ میں صاحبزادہ فرحان 40 اور شاہین آفریدی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ بھارت نے میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آغاز آج سری اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہو گا۔ 21 ستمبر کو بڑے مقابلے میں پاکستان اور بھارت دبئی میں ہی مدمقابل آئیں گے۔
22 ستمبر آرام کا دن ہوگا،23 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ابوظہبی میں مدمقابلے ہوں گی، 24 اور 25 ستمبر کو بنگلہ دیش کی ٹیم بالترتیب بھارت اور پاکستان کے خلاف دبئی میں میچ کھیلے گی۔
سپر فور مرحلے کا آخری میچ 26 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ اس مرحلے میں پہلی دو پوزیشن پر رہنے والی ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان کے خلاف میچ سے قبل اہم بھارتی کھلاڑی انجری کا شکار
دوسری جانب ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے سپر فور مرحلے کے میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، میچ کے لیے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت ساڑھے 350 درہم یعنی تقریباً 27 ہزار پاکستانی روپے ہے۔
