دنیا میں کئی ایسے ممالک بھی موجود ہیں جن کا رقبہ کسی شہر یا قصبے سے بھی چھوٹا ہے، مگر ان کی حیثیت اور تاریخی پس منظر انہیں عالمی سطح پر نمایاں کرتا ہے، کچھ اپنی معاشی طاقت سے اور کچھ اپنی مذہبی یا سیاحتی اہمیت کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں، آئیے نظر ڈالتے ہیں دنیا کے 10 سب سے چھوٹے ممالک پر۔
ویٹیکن سٹی
روم کے دل میں واقع دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ویٹیکن سٹی ہے، صرف 0.44 مربع کلومیٹر پر مشتمل اس ریاست میں پوپ روحانی اور دنیاوی حکمران کے طور پر حکومت کرتے ہیں، ویٹیکن کا سب سے بڑا سہارا سیاحت ہے، جہاں ہر سال تقریباً 60 لاکھ افراد عیسائیت کی اہم ترین عبادت گاہیں دیکھنے آتے ہیں۔

موناکو
فرانس کے بحیرۂ روم کے کنارے واقع موناکو دنیا کا دوسرا سب سے چھوٹا ملک ہے، جس کا رقبہ صرف 2 مربع کلومیٹر ہے، ریاست اپنی شاہانہ زندگی کے لیے مشہور ہے، شاندار یاٹیں، نفیس دکانیں اور اعلیٰ ریسٹورنٹس اس کے شہر کی پہچان ہیں، اگرچہ یہ مہنگا مقام ہے، لیکن اپنے دلکش ماحول کی وجہ سے یہ دنیا کے سیاحوں کی خواہشات کی فہرست میں شامل رہتا ہے۔

نارو
دنیا کا تیسرا سب سے چھوٹا ملک نارو ہے، جو کبھی دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا تھا، کیونکہ یہاں کے فاسفیٹ ذخائر نے اسے بڑی دولت دی، آزادی کے بعد 1968 میں نارو نے اس کی برآمد سے سالانہ 87 ملین یورو تک کمایا، مگر یہ دولت جلد ختم ہو گئی اور 2004 میں ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہوا، جہاں 90 فیصد آبادی بے روزگار تھی، آج نارو کی آمدن زیادہ تر سیاحت سے حاصل کرتا ہے۔

تووالو
چوتھا سب سے چھوٹا ملک تووالو ہے، جسے اقوامِ متحدہ دنیا کے کم ترین ترقی یافتہ ممالک میں شمار کرتا ہے، یہ بحرالکاہل کے وسط میں واقع نو چھوٹے جزیروں پر مشتمل ملک ہے، جن کی مجموعی آبادی صرف 11 ہزار کے قریب ہے، ان جزیروں کی سب سے بڑی مشکل ان کا سطحِ سمندر سے نہایت کم بلندی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ ملک موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتے پانی سے شدید خطرے میں ہے۔

دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی شہر
سان مارینو
اٹلی کے پہاڑوں میں بسا سان مارینو دنیا کا پانچواں سب سے چھوٹا ملک ہے، اس کا رقبہ صرف 61 مربع کلومیٹر ہے، یہ دنیا کی سب سے پرانی جمہوریہ ہے، جس کی بنیاد 301 عیسوی میں رکھی گئی تھی، سان مارینو کے تاریخی قلعے اور قدیم شہر یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل ہیں، جو اسے ایک مقبول سیاحتی مقام بناتے ہیں۔

لیختن شتائن
سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع یہ چھوٹا سا ملک اپنی دولت اور معیارِ زندگی کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں کے 39 ہزار شہری 160 مربع کلومیٹر کے رقبے پر آباد ہیں، پہاڑی مناظر، جدید مالیاتی نظام اور ثقافتی تقریبات لیختن شتائن کو ایک منفرد مقام دیتے ہیں۔

مارشل آئی لینڈز
دنیا کا ساتواں سب سے چھوٹا ملک بحرالکاہل کے وسط میں واقع ہے، اس کا رقبہ 181 مربع کلومیٹر ہے جو 29 ایٹولز اور 5 جزیروں پر مشتمل ہے، مارشل آئی لینڈز کی کل آبادی تقریباً 42 ہزار ہے، جن میں سے زیادہ تر دارالحکومت ماجورو میں رہتے ہیں، یہ جگہ اپنے صاف ساحلوں، ڈائیونگ کے بہترین مقامات اور بیکنی ایٹول جیسے تاریخی مقامات کی بدولت دنیا بھر میں سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔

نیمار کو نامعلوم ارب پتی کی 846 ملین پاؤنڈ مالیت کی جائیداد وراثت میں مل گئی
کُک آئی لینڈز
236 مربع کلومیٹر پر مشتمل کُک آئی لینڈز جنوبی بحرالکاہل میں واقع ہے، جو 15 جزیروں پر مشتمل ہے، جن میں سے 12 آباد ہیں، جس کی کل آبادی تقریباً 15 ہزار ہے، یہاں کی معیشت زیادہ تر سیاحت پر انحصار کرتی ہے، کیونکہ یہ خطہ اپنی سفید ریت والے ساحل اور سرسبز قدرتی مناظر کی وجہ سے جنت کا ٹکڑا سمجھا جاتا ہے۔

نیوے
نیوے دنیا کا نواں سب سے چھوٹا ملک ہے، جو بحرالکاہل میں ٹونگا کے قریب واقع ہے، یہ ایک بلند مرجانی جزیرہ ہے جس کی آبادی صرف 1400 کے قریب ہے، جو 14 چھوٹے دیہاتوں میں تقسیم ہیں، یہ اپنی قدرتی تنہائی اور وہیل مچھلیوں کے ساتھ تیرنے کے تجربے کے لیے خاص شہرت رکھتا ہے۔

سینٹ کٹس اینڈ نیوس
سینٹ کٹس اینڈ نیوس مشرقی کیریبین میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ملک ہے، جس کا رقبہ صرف 261 مربع کلومیٹر ہے، یہ دو جزیروں پر مشتمل ہے اور یہاں کا گرم مرطوب موسم سیاحت کو فروغ دیتا ہے، 2023 میں یہاں 8 لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاح آئے۔

