لاہور: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے لیے پاکستان کے 2 امپائرز میچ آفیشلز میں شامل ہیں۔ آصف یعقوب اور فیصل آفریدی ایشیا کپ ٹی 20 میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سری لنکا، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کے بھی دو دو امپائرز کو میچ آفیشلز میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ رچی رچرڈسن اور اینڈی پائیکروفٹ میچ ریفری مقرر کر دیئے گئے۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں آصف یعقوب آن فیلڈ اور فیصل آفریدی ٹی وی امپائر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سے قبل پاکستانی، بھارتی کرکٹرز میں کشیدگی
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا پہلا میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کل 9 ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔
ایشیا کپ 2025 متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جا رہا ہے۔ جو 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گروپ اے میں بھارت، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور عمان شامل ہیں۔ جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ کھیل رہا ہے۔
