نئی دہلی: بھارت کی ریاست راجستھان میں پہلی بار انڈوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو تہواروں پریوشن اور سموتساری کے دوران سالانہ ورات کی رسم کے موقع پر انڈوں کی فروخت پر پابندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ان رسموں پر پہلے صرف گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کرنے کا کہا جاتا تھا۔ لیکن اب انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انڈوں کی فروخت پر پابندی کا حکم مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔ جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ 28 اگست کو پریوشن اور سموتسری اور 6 ستمبر کو اننت چتردشی کے موقع پر ریاست بھر میں تمام نان ویج دکانیں، ذبح خانے اور انڈے فروخت کرنے والی دکانیں بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بڑے بھائی سے جھگڑے پر والد نے بیٹے کو شاہراہ پر تنہا چھوڑ دیا
بلدیات کے سربراہ نے کہا کہ مذہبی تنظیموں کی طرف سے ان تہواروں کے دوران عدم تشدد کے اصولوں پر عمل کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ جس کے پیش نظر حکومت نے اس بار انڈوں کی فروخت پر پابندی لگا کر روایت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
