قصور: دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ پانی کی سطح میں آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دریائے ستلج گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 21 فٹ سے تجاوز کر گئی۔ اور گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔ سیلابی پانی سے 30 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع اور سیکڑوں خاندان متاثر ہو چکے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے دریائے ستلج کے کنارے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چاول، مکئی اور جوار کی 3 ہزار ایکڑ تیار فصلیں دریائے ستلج کی نذر ہو گئیں۔
سیلابی صورتحال کے باعث 10 دیہات کی فصلیں مکمل طور پر زیر آب آ گئی ہیں۔ ریسکیو اور پولیس کی مدد سے متاثرہ آبادیوں سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ اور 5 ہزار 400 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے خوشی ہے پیپلز پارٹی اپنے وعدے پورے کر رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری
قصور کے متاثرہ دیہات کے اسکولوں میں عارضی ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا۔
دریائے ستلج کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگ چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ جبکہ 35 سے زائد چھوٹے بڑے متاثرہ دیہات کے زمینی رابطے مکمل طور پر منقطع ہے۔
