کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ ڈیٹا سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سرداراحمد حلیمی نے موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت کی۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم نامے کے بعد کوئٹہ شہر میں موبائل فون انٹرنیٹ ڈیٹا سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ تاہم صوبے کے دیگر شہر اب بھی موبائل انٹرنیٹ سروس سے محروم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قائمہ کمیٹی نے سول افسران کی دہری شہریت پر پابندی کا بل مؤخر کر دیا
یاد رہے کہ ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو حکم دیا تھا کہ کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ ڈیٹا سروس 2 گھنٹے میں بحال کریں۔ عدالتی حکم کے بعد کوئٹہ میں 16 روز سے بند موبائل فون انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہو گئی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس 6 اگست سے معطل تھی جس کے خلاف چیئرمین کنزیومر سوسائٹی خیر محمد نے درخواست دائر کر رکھی تھی۔
