لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام ادارے ہمہ وقت متحرک رہیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ممکنہ کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کی ہدایت کر دی۔ جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، انتظامیہ، ریسکیو اور پولیس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم نواز نے اسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور عملے کو بھی الرٹ رہنے جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کو بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کرنے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ پنجاب نے چکوال اور دیگرعلاقوں میں بارش کے پیش نظر انتظامیہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور ندی نالوں میں نہانے پر پابندی یقینی بنانے، پولیس اسکواڈ کو گشت کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے کہا کہ بارش سے متاثرہ چھوٹے بڑے راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت بحال کی جائے۔ اور تمام ادارے ہمہ وقت متحرک رہیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
