راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے جڑواں شہروں کو بھگو دیا۔
اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز بشمول ایف-6، جی-6، جی-8، آئی-8، ایف-10، جی-10، بہارہ کہو، ترامڑی اور بنی گالہ میں شدید بارش کے باعث سڑکوں پرپانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
بارشوں کے باعث مارگلہ ہلز کے ٹریلز بند رکھنے کا فیصلہ
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں سب سے زیادہ 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گولڑہ میں 45 اور ایچ-8 میں 14 ملی میٹربارش ہوئی۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی تیزبارش ہوئی، جن میں ڈبل روڈ، سکس روڈ، کھنہ پل اور سیٹلائٹ ٹاؤن شامل ہیں، شمس آباد میں 16 ملی میٹراور بوکرا میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد واسا اورضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف رہیں تاہم سڑکوں پرپانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
