اسلام آباد: عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت مفتاح اسماعیل کے خلاف الزام کا ثبوت پیش کرے۔ اور اگر حکومت کے پاس ثبوت نہیں تو اخلاقی طور پر معافی مانگنی چاہیے۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہم نیوز کے پروگرام “کوئسچن آور” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسی حکومت نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی۔ اور ملک میں چینی کا سرپلس نہ ہونے پر قیمت بڑھنا شروع ہو گئی۔ اب چینی درآمد کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت رکھنے والوں کے خلاف منصفانہ ٹرائل ہونا چاہیے۔ 17 سال میں نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے بے شمار مقدمات بھگتے ہیں۔ وہ جماعت جس کا کوئی ممبر نہیں حکوت اس سے بھی خائف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے، حافظ نعیم
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت مفتاح اسماعیل کے خلاف الزام کا ثبوت پیش کرے۔ اور اگر حکومت کے پاس ثبوت نہیں تو اخلاقی طور پر معافی مانگنی چاہیے۔ جتنی ترامیم پاکستان میں ہوتی ہیں اتنی اور کسی ملک میں نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل قانون کی حکمرانی میں ہے۔ اور ہر جماعت کی اپنی سیاست ہوتی ہے لیکن قانون کی حکمرانی پر سب متفق ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنا نقطہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر سیٹ کر رکھا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کا ہمیشہ جوائنٹ پلیٹ فارم ہوتا ہے۔ اور پی ٹی آئی کو بھی اب اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صرف قائد کی رہائی پر سیاست نہیں ہوتی، یہ ان کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی ایک شخصی جماعت ہے۔
