پشاور: آئس نشے کی عادی لڑکی کے پراسرار قتل میں ملوث ملزم مقتولہ کا چچا نکلا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
سینئرسپرٹنڈ نٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشن پشاور جاوید اقبال نے ذرائع ابلاغ (میڈیا) کو بتایا کہ شہر کے نواحی کھیتوں سے تین روزقبل اٹھارہ سالہ لڑکی کی نعش ملی تھی جس کی شناخت سپنا کے نام سے ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ لڑکی آئس نشے کی عادی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر مقتولہ کے چچا دولت خان کو حراست میں لیا جس نے بعد میں قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔
ذرائع ابلا غ کو ایس ایس پی نے بتایا کہ پانچ ماہ قبل سپنا کو آئس نشے کی لت کے باعث حیات آباد مارکیٹ سے دارالامان منتقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منتقلی کی وجہ اہل علاقہ کی شکایات تھیں۔
ایس ایس پی آپریشن پشاور نے بتایا کہ دارالامان سے عدالتی حکم پر اسے رشتہ داروں کے سپرد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپنا آئس نشے اور منشیات کے استعمال کی عادی تھی جس کی وجہ سے ملزم نے بدنامی کے باعث اسے قتل کیا ۔
سینئرسپرٹنڈنٹ آف پولیس جاوید اقبال کے مطابق سپنا کا کئی بارعلاج کرایا گیا لیکن وہ نشے کی لت سے مکمل چھٹکارا حاصل نہ کرسکی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچھ عرصے قبل آئس پیتے ہوئے سپنا کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھیں۔
