اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جو سمجھتے تھے اس طرح کے حملے کریں گے اور بچ جائیں گے وہ غلط ثابت ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی حملوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ اور یہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ 9 مئی کے مقدمات کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ثابت ہوا ملک میں قانون کی حکمرانی آج بھی قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیسز کا فیئر ٹرائل ہوا اور کیسز لمبے عرصے تک چلے۔ عدالت کے سامنے 9 مئی مقدمات کے تمام شواہد پیش کیے گئے۔ اور آج کے فیصلوں سے قانون اور انصاف کی جیت ہوئی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فیصل آباد میں دفاعی اداروں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ اور جو سمجھتے تھے کہ اس طرح کے حملے کریں گے اور بچ جائیں گے وہ غلط ثابت ہوئے۔ ان سزاؤں کے بعد آئندہ کوئی جرات نہیں کر سکے گا کہ وہ دشمن کے ہاتھ مضبوط کرے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے جو زبان استعمال کی اور جو کچھ کیا وہ کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا۔ 9 مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ جیل میں ہے۔ انہوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا۔ اور 9 مئی کے ذریعے نظام کو نقصان پہنچانے کی سازش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: طاقتور لوگ جب وسائل پر قبضہ کریں گے تو غم و غصہ تو پیدا ہو گا، حافظ نعیم الرحمان
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دشمن نے جب بھی حملہ آور ہونے کا خواب دیکھا۔ تو ہم نے اسے منہ توڑ جواب دیا۔ اور یہ لوگ وہ کام کرنا چاہتے تھے جو دشمن بھی نہیں کر سکا۔ ان سزاؤں کے بعد آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھناؤنی سازش نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں ہوئیں۔ ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
