اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ہندوستان کے کالے قوانین کے تحت کشمیریوں پر ظلم اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ کشمیریوں سے زندگی اور شناخت چھینی جا رہی ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو انصاف کا کوئی موقع دیئے بغیر ان کی چھت تک چھین لی گئی۔ اور حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے زنجیروں اور بندوقوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہائیوں کی قربانیوں کے باوجود دنیا کشمیریوں کے درد پر خاموش ہے۔ جبکہ ہندوستان نے کشمیریوں کے کاروبار، زمینیں اور دریا تک ہتھیانے شروع کر دیئے ہیں۔ اقوام متحدہ کو اب جاگنا ہو گا ورنہ تاریخ خاموشی کی سزا دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: زائرین کو بذریعہ سڑک ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں ہو گی ، وزیر داخلہ
مشعال ملک نے کہا کہ شہادتیں، جیلیں اور بربادی کشمیریوں کا مقدر بنا دی گئی۔ اور جب آخری پناہ گاہ بھی چھن جائے تو مظلوم کی فریاد عرش کو ہلا دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے درد کو دبانے کے لیے انسانیت کو پامال کیا جا رہا ہے۔
