پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا، خو شاب، میانوالی، جہلم، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، قصور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، فیصل آباد، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور تونسہ شریف میں مزید بارش کا امکان ہے۔
بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار، آواران اور لسبیلہ میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی، ٹھٹھہ اور حیدر آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش ، مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے، اس میں پنجاب کے دریاؤں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے اعداد و شمار شامل ہیں، مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے اعدادوشمار بھی فیکٹ شیٹ میں شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ 25جولائی تک مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ جاری رہے گا، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈ ی ایم اے کے مطابق رواں سال بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 135 شہری جاں بحق ہوئے، بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 156 گھر متاثر اور 479 شہری زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ملک بھر میں تمام ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کی بدولت ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، درختوں کے گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر، سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز اور بارشوں کے دوران دریاؤں ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔
