اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجرا اوروصولی آج سے شروع کردی ہے۔ یہ سلسلہ آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ انتخابی امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی آٹھ جون کوہی آویزاں کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی فارم الیکشن کمیش آف پاکستان کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ بھی کیے جا سکتے ہیں .(https://www.ecp.gov.pk/PrintDocument.aspx?PressId=55204&type=PDF) ۔
انتخابی امیدواران فارم بھرنے کے بعد 100 روپے فیس کے ساتھ ریٹرنگ افسران کے پاس جمع کراسکیں گے۔
امیدواروں کویہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اردو یا انگریزی زبان میں شائع شدہ کسی ایک فارم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی کی فیس چارہزارروپے سے بڑھا کر 30 ہزارروپے کردی گئی ہے۔
صوبائی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی فیس دو ہزار سے بڑھا کر20 ہزارروپے کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ضمانت ضبط ہونے کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا ہے۔
آئندہ عام انتخابات میں ضمانت ضبط کے لیے ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے ایک چوتھائی ووٹ حاصل کرنا ضروی قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے پرانے ضابطہ اخلاق کے تحت کسی بھی حلقہ میں ڈالے گئے مجموعی ووٹ کے ساڑھے بارہ فیصد ووٹ حاصل کرنا لازمی تھے۔ مقررہ حد سے کم ووٹ حاصل کرنے والے کی ضمانت ضبط کر لی جاتی تھی۔
