اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اورسابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کے بعد کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین اور میاں محمودالرشید بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عبدالرشید گوڈیل کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اورروایتی طورپارٹی جھنڈا بھی ان کے گلے میں پہنایا ۔
سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے بھی عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل پر18 اگست 2015 کو قاتلانہ حملہ ہوا تھا ۔ حملے کے بعد وہ طویل عرصہ زیرعلاج رہے اور پھر اسلام آباد منتقل ہوگئے۔
عملاً وہ عرصے سے سیاست میں غیرفعال ہیں اور مکمل گوشہ نشینی کی زندگی گزاررہے ہیں۔ تین ماہ قبل بھی ان کے متعلق یہ اطلاعات منظر عام آئی تھیں کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرنے والے ہیں۔
اس وقت جب ذرائع ابلاغ نے اس کی تصدیق کےلیے ان سےرابطہ کیا تھا تومیڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرچکےہیں۔
