اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قتل کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میں گرفتار کر لیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم، ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ہیں اور وہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کے لیے دبئی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جام عبدالکریم کو پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا اور پھر دیکھیں گے کہ جام عبد الکریم کا نام انٹرپول اورای سی ایل میں کیسے ڈالا جائے۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی گرفتاری کے لیے ڈی جی ایف آئی اے سے رابطہ کیا ہے۔
گورنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جام عبدالکریم ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں مطلوب ہیں۔جام عبدالکریم عدالت سے مفرور اور دبئی میں مقیم ہیں ،اطلاعات کے مطابق جام عبدالکریم قومی اسمبلی اجلاس کے لیے اسلام آباد آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے جام عبدالکریم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں، جام عبدالکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل کو ہو گی، وزیر داخلہ
ہم کسی مجرم کو اس طرح نہیں چھوڑ سکتے۔ ملزم جام عبدالکریم کا نام صوبائی قومی شناختی فہرست میں فوری درج کیا جائے۔ ملزم جام عبدالکریم تھانہ میمن گوٹھ، ضلع ملیر میں ایف آئی آر 457/2021 میں نامزد ہے۔
ایف آئی اے کو لکھے گئے خط کے مطابق یہ قدم وسیع تر عوامی مفاد میں اٹھایا جا رہا ہے۔اس اقدام کا مقصدمتعلقہ عدالت میں اس کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔ ملزم ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور ہے اس لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
