پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کو آؤٹ کرنے کے لئے بس دس اچھی گیندیں چاہئیں۔
ورلڈ کپ 2019 میں کل پاکستان اور انگلینڈ کے مابین میچ نوٹنگھم کے میدان میں کھیلا جائے گا۔
میچ کے حوالے سے ایک انٹرویو میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ اس میدان میں انگلینڈ کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف اسی میدان میں 481 رنز بنائے تھے جو کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے اور ماضی میں بھی انگلینڈ اسی میدان میں پاکستان کے خلاف بھی 440 رنز اسکور کر چکی ہے تو اس مرتبہ کس حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں گے؟؟
سوال کے جواب میں اظہر محمود کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی مبالغہ نہیں ہے کہ انگلینڈ ایک مضبوط ٹیم ہے جس میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو 480 کیا 500 رنز بھی اسکور کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو 500 رنز اسکور کرنے کے لئے تو 300 گیندیں درکار ہیں مگر ہمارے باولرز کو انہیں آؤٹ کرنے لئے بس 10 اچھی گیندیں چاہئے۔
پاکستانی باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے گیند بازوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
