سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی قابض فوج نے مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے پلوامہ کے علاقہ ترال اور کلگام کے علاقے ردوانی کی ناکہ بندی کر کے نام نہاد سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران بھارتی بربریت سے دو نوجوان شہید ہو گئے۔
بھارتی فوج نے گزشتہ تین روز میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں 18 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر چکی ہے جب کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 22 کشمیری نوجوان شہید ہوئے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت میں شدت آگئی ہے اور سرچ آپریشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر شہید کیا جا رہا ہے جب کہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی جاتی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں سال 21 اکتوبر کو بھی کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران 14 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنشینل انڈیا (اے آئی آئی) کی جانب سے کلگام میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
